بھٹکل، 3 اکتوبر (ایس او نیوز) منگل کے روز باغبانی کا کام مکمل کرنے کے بعد قریبی ندی میں ہاتھ پاؤں دھونے کے دوران غلطی سے ندی میں پھسل کر گرنے والے ایک کسان کی لاش آج جمعرات کو برآمد کر لی گئی۔ متوفی کی شناخت 52 سالہ رامیا کرشنا گونڈا کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، ماروکیری پنچایت حدود میں رامیا گونڈا منگل کے روز اپنے باغ میں کام کر رہا تھا۔ شام کو کام ختم کرنے کے بعد وہ ہاتھ پاؤں دھونے کے لیے قریبی ندی میں اترا، جہاں پیر پھسلنے سے وہ ندی میں ڈوب کر لاپتہ ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تلاش شروع کی، لیکن فوری طور پر کامیابی نہ مل سکی۔ آج جمعرات کے روز ندی سے اس کی لاش برآمد ہوئی۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھٹکل کے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں متوفی کے بھائی ماستی گونڈا کی شکایت پر بھٹکل مضافاتی پولیس تھانے میں کیس درج کر لیا گیا ہے۔